اسرائیل-ایران تنازع: 16 جون 2025 کے اہم واقعات کی فہرست

[post-views]
[post-views]

پیر، 16 جون کو ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ مزید شدت اختیار کر گئی، جہاں دونوں ممالک کی جانب سے شدید حملے، عام شہریوں کی ہلاکتیں اور خطے میں کشیدگی میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

تہران میں متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی، جب اسرائیل نے دارالحکومت کے مغربی حصے میں واقع ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا اور شہریوں کو انخلا کی دھمکی دی۔ اسرائیلی فوج نے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے دفاتر اور کرمانشاہ کے فَرآبی اسپتال کو بھی نشانہ بنایا، جس سے اسپتال کو شدید نقصان پہنچا۔

جوابی کارروائی میں ایران نے تل ابیب اور حیفا پر میزائل داغے۔ حیفا میں ایرانی حملے سے بازان گروپ کے بجلی و بھاپ پیدا کرنے والے پاور اسٹیشن کو نقصان پہنچا، ریفائنری کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں، اور تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایران کے ایک تہائی میزائل لانچرز تباہ کر دیے ہیں، تاہم اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق اب تک 220 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 54 خواتین اور بچے شامل ہیں، جبکہ 75 زخمی ہیں۔ اسرائیل کے مطابق 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں پانچ وسطی اسرائیل اور تین حیفا میں جاں بحق ہوئے۔

آبنائے ہرمز اور خلیج میں تجارتی بحری جہازوں کے نیوی گیشن سسٹمز میں خلل رپورٹ ہوا ہے۔ جوہری توانائی کے عالمی ادارےنے خبردار کیا ہے کہ نطنز میں اسرائیلی حملوں کے بعد تابکاری اور کیمیائی آلودگی کا خطرہ موجود ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام سرحدی راستے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے ہیں، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود بھی متاثر ہوئی ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پژیشکیان نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنانا چاہتا، لیکن “نسل کشی پر مبنی حملوں” کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کو “جنگی مجرم” قرار دیا اور کہا کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ سفارتی پیش رفت کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کا امکان مسترد نہیں کیا اور کہا کہ “یہ جنگ کو بڑھائے گا نہیں، ختم کرے گا”۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں جی-7 اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو چاہیے کہ اسرائیل کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کرے “اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے”۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos