وزیراعلیٰ مریم نواز کے نام پر لاہور کے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام رکھنے کے فیصلے پر شدید سوشل میڈیا ردعمل کے بعد پنجاب حکومت نے وضاحت کی ہے کہ ادارے کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ادارے کا نام بدستور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی رہے گا اور سرکاری ترقیاتی پروگرام میں بھی اسی نام سے فنڈنگ کی گئی ہے۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ادارے کا نیا نام “مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویس کیولر ڈیزیزز” قرار دیا، اور وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں اس منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔
فیصلے پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید ہوئی، حتیٰ کہ ن لیگ سے وابستہ شخصیات اور صحافیوں نے بھی اسے نامناسب قرار دیا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اسے “بابائے قوم کے نام کو مٹانے” کی کوشش قرار دیا۔
بعد ازاں، خواجہ سلمان رفیق نے وضاحت دی کہ سرکاری سطح پر ادارے کے نام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔