پاکستان اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ حتمی مراحل میں داخل

[post-views]
[post-views]

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور جلد ہی اس کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ واشنگٹن میں دو روزہ اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم ہفتے کی صبح پاکستان واپس پہنچ گئی۔

جمعے کو امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹ نک اور تجارتی نمائندے سفیر جیمیسن گریر سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں وزیر خزانہ نے مذاکرات کو “انتہائی تعمیری” قرار دیا اور کہا کہ دونوں جانب سے باقی معاملات کو جلد نمٹانے کا پختہ عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا
“ہم نے بہت مثبت بات چیت کی، اور یہ بات واضح ہے کہ دونوں ملک معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے سنجیدہ ہیں۔”

پاکستانی وفد میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور سیکرٹری تجارت جواد پاؤل بھی شامل تھے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اس لیے یہ معاہدہ پاکستان کے لیے اقتصادی طور پر نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ دو طرفہ تعلقات کو محض تجارت سے آگے بڑھا کر سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos