افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی آئندہ ماہ کے اوائل میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد اقتصادی، تجارتی اور سیاسی تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان کے ذرائع نے اس دورے کی تصدیق کی ہے۔
یہ امیر خان متقی کا دو سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا، جو دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی روابط میں بحالی کی علامت ہے۔ یہ دورہ پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے اپریل میں کابل کے دورے کے دوران دی گئی دعوت کے جواب میں ہو رہا ہے۔
اس دورے کے دوران سرحد پار دہشت گردی اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بات چیت ہو گی۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک نے اپنے سفیروں کا درجہ بڑھا کر سفارتی تعلقات میں بہتری کا اشارہ دیا ہے۔ اسحاق ڈار اور امیر خان متقی کی بیجنگ اور استنبول میں بھی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
گزشتہ ہفتے وزیر خارجہ ڈار نے کابل کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقاتیں ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے فریم ورک سے متعلق امور کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی ہوئیں۔ دونوں حکومتوں نے باہمی تعلقات کو ایک نئے مرحلے پر لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔