پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارتی حجم کو 100 ملین ڈالر تک بڑھانے کے عزم کی تجدید کی ہے۔ حالیہ برسوں میں تجارتی حجم کم ہو کر صرف 5.18 ملین ڈالر رہ گیا، جس پر دونوں ملکوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر سردار اویس لغاری کی زیر صدارت پانچویں بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، زراعت، توانائی، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ کرغزستان نے پاکستان کو لاجسٹک اور معدنیات کے شعبوں میں مواقع دینے کی پیشکش کی، جبکہ پاکستان نے سیاحت، تعلیم اور صحت میں تعاون کو اہم قرار دیا۔ دونوں ملکوں نے نوجوانوں اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے تعلقات مزید مضبوط بنانے، اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے لیے مشترکہ منصوبوں کی منظوری دی۔ پاکستان اور کرغزستان کا تعاون شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت بھی جاری ہے، جبکہ دونوں نے خطے میں معاشی اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
