ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکی کے وزیر خارجہ حکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے بھوک، جبری بے دخلی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش ظاہر کی اور فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ، پائیدار اور جامع امن کے لیے عالمی سطح پر متحد کوششوں کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ ڈار آج اقوام متحدہ میں فلسطین اور دو ریاستی حل پر ہونے والی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے حق میں اصولی مؤقف اور عملی تعاون جاری رکھے گا، اور غزہ کی تعمیر نو میں عالمی برادری کے ساتھ بھرپور کردار ادا کرے گا۔