ترجمان کے مطابق اب تک بانی پی ٹی آئی کی جانب سے صوبائی حکومت کے حوالے سے کسی مستند ذریعے سے کوئی باضابطہ پیغام موصول نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ کے پی کی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔ تاہم، وہ وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود اپنے قائد سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہیں کر سکتے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عدالتوں کے واضح احکامات موجود ہونے کے باوجود آئین و قانون کی پاسداری نہیں کی جا رہی۔ علی امین گنڈاپور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے فعال اقدامات کر رہے ہیں، اور اس مقصد کے لیے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کے تحت علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد ہوا، جس کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائے گا تاکہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔