ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ میزبان ٹیم نے آخری اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کیا، جب جیسن ہولڈر نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا جڑ کر فتح اپنے نام کی۔
یہ کامیابی ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف کسی ٹی ٹوئنٹی میں 2016-17 کے بعد پہلی مرتبہ حاصل ہوئی۔ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈرہل میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 133 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے حسن نواز 40 اور آغا سلمان 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ فخر زمان 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ حسن علی 8، صائم ایوب 7، صاحبزادہ فرحان 3، محمد حارث 4 اور محمد نواز صرف 2 رنز بنا سکے، جبکہ فہیم اشرف کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر سب سے کامیاب بولر رہے اور انہوں نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ یاد رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 14 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں ٹیم نے حارث رؤف کی جگہ حسن علی کو موقع دیا۔