پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ میں پاکستانی شہریوں کی مبینہ شمولیت کے الزامات کو من گھڑت، بے بنیاد اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان ان الزامات کو مکمل طور پر رد کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ ان میں کسی بھی قسم کی صداقت موجود نہیں۔ اب تک یوکرینی حکام نے نہ تو پاکستان سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور نہ ہی ان دعوؤں کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق ثبوت فراہم کیے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر جلد یوکرین سے باضابطہ وضاحت طلب کرے گا۔ پاکستان یوکرین تنازع کے پرامن اور سفارتی حل پر یقین رکھتا ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت کے ذریعے تنازع کے خاتمے کی حمایت کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرینی صدر وولودومیر زیلن سکی نے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ شمال مشرقی یوکرین میں روسی افواج کے ساتھ لڑنے والوں میں پاکستان، چین، تاجکستان، ازبکستان اور چند افریقی ممالک کے جنگجو شامل ہیں۔