پاکستان کا 79واں یومِ آزادی — معرکۂ حق کی شاندار کامیابی سے نئی صبح کا آغاز

[post-views]
[post-views]

ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اور اس سال کی تقریبات کو معرکۂ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے۔ رات 12 بجتے ہی ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جشنِ آزادی کا والہانہ استقبال کیا گیا، شہری سڑکوں پر اُمڈ آئے، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، مختلف ریلیاں، ثقافتی پروگرام اور ملی نغموں کی محفلیں سجائی گئیں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر روایتی بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔

صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا اور رات گئے آتشبازی کے دلکش مناظر نے آسمان کو رنگ و نور سے جگمگا دیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں جشنِ آزادی کی مناسبت سے ریلیاں، جلوس اور میوزیکل شوز منعقد ہوئے۔ بچے اور بڑے قومی پرچم اور بیجز کے ساتھ گھروں سے نکلے اور پرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر تقریبات میں بانیانِ پاکستان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ملک کو دفاعی و معاشی طور پر مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یومِ آزادی کی مرکزی تقریب مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی سے ہوئی، جس کے بعد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے مزارِ قائد پر حاضری دے کر قائداعظم محمد علی جناح کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں دفاعی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں عوام کو شرکت کی اجازت دی گئی۔

قوم نے ایک مرتبہ پھر یہ عزم دہرایا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب قومی اتحاد اور بھرپور قوت کے ساتھ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے اپنے ممالک میں خصوصی تقریبات اور سفارت خانوں کے پروگراموں کے ذریعے یومِ آزادی ملی جذبے سے منایا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos