گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کی لپیٹ میں آ گئے، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں 60 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے، جبکہ متعدد مکانات تباہ اور مویشی بہہ گئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں امدادی آپریشن جاری ہے۔ بونیر میں ڈپٹی کمشنر کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 75 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
آزاد کشمیر میں بھی آٹھ افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں مظفرآباد کے ایک ہی خاندان کے چھ افراد شامل ہیں۔ رتی گلی اور دیگر سیاحتی مقامات پر رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے، پانچ سو سے زائد سیاح محصور ہیں۔
گلگت بلتستان میں مختلف حادثات میں دس افراد جاں بحق ہوئے، نلتر پاور اسٹیشن تباہ ہونے سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا جبکہ سڑکوں کی بحالی اور امدادی کام جاری ہیں۔
پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور راشن و ادویات پہنچانے میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیات نے 21 اگست تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔













