خیبر پختونخوا آپریشنز: بھارتی پراکسی خوارج کے 31 دہشت گرد ہلاک

[post-views]
[post-views]

خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 13 اور 14 ستمبر کے دوران دو کامیاب آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنۂ الخوارج کے 31 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن لکی مروت میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جہاں خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر حکمتِ عملی سے نشانہ بنایا گیا۔ شدید جھڑپ کے بعد 14 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن بنوں میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں مزید 17 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ اس طرح دو روز میں مجموعی طور پر 31 دہشت گرد انجام کو پہنچے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرست خوارج کے کسی بھی باقی ماندہ نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم پختہ ہے اور دشمن کے تمام پراکسی عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 10 سے 13 ستمبر تک بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۂ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی مہم مسلسل کامیابیوں کے ساتھ جاری ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos