عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کیس کی سماعت اسلام آباد کی اسپیشل جج سینٹرل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو دفعہ 342 کے تحت سوالنامہ فراہم کر دیا ہے، جو 29-29 سوالات پر مشتمل ہے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون پر جرح کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کے تمام 20 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں اور ان پر وکلائے صفائی کی جرح مکمل ہو گئی ہے۔
گزشتہ سماعت اڈیالہ جیل میں سات گھنٹے تک جاری رہی جس میں دو گواہوں پر جرح کی گئی۔ کیس کے چشم دید گواہ کا بیان بھی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیس کی سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی اپنے تحریری جوابات اسی تاریخ کو عدالت میں جمع کرائیں گے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، وکیل سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، بیرسٹر علی ظفر، مشال یوسفزئی اور احمد مصر بھی عدالت میں موجود تھے۔ کیس کے حتمی مراحل میں داخل ہونے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سماعت فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔












