اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سلمان راجا نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے اور نوجوان ایم پی اے سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ان کے مطابق عمران خان نے کے پی میں فوج پر حالیہ حملے پر گہرا دکھ ظاہر کیا اور کہا کہ اس صورتحال کے ذمہ دار علی امین گنڈاپور ہیں، اس لیے انہیں اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہنا چاہیے۔
سلمان راجا نے مزید کہا کہ عمران خان کے خیال میں خیبر پختونخوا کی صورتحال قابو سے باہر ہوچکی ہے، اس لیے قیادت میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ وہ ڈیڑھ سال سے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کی موجودہ پالیسی مکمل طور پر غلط ہے اور کے پی حکومت کو اس سے فاصلہ اختیار کرنا چاہیے، کیونکہ یہ پالیسی امن کے بجائے تصادم کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق، جب تک تینوں فریقوں کو مذاکرات میں شامل نہیں کیا جاتا، نہ خیبر پختونخوا میں اور نہ ہی پورے پاکستان میں امن قائم ہوسکتا ہے۔