وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اگر افغانستان سمیت کوئی بھی ملک پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین نے پاکستان میں طویل عرصہ قیام کیا ہے، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ وہ باعزت طریقے سے اپنے وطن واپس لوٹ جائیں۔ ان کے مطابق حکومت مہاجرین کے ساتھ انسانی اور قانونی اصولوں کے مطابق معاملات طے کرے گی تاکہ خطے میں امن اور استحکام برقرار رہ سکے۔
وزیراعلیٰ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ انہیں کسی سیاسی دباؤ یا مخالفت کے نتیجے میں عہدے پر لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کی بالادستی کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کا ہر فیصلہ آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جائے گا، کیونکہ قانون کی حکمرانی ہی ریاست کے استحکام اور عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے۔