چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان کو اپنا موقف واضح کرنا ہوگا کہ وہ فتنہ الخوارج کے ساتھ ہے یا پاکستان کے ساتھ۔
علما و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان کی حمایت سے دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں عام شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ فیلڈ مارشل کے مطابق فتنہ الخوارج میں شامل تقریباً 70 فیصد عناصر افغان شہری ہیں۔
فیلڈ مارشل نے بھارت اور طالبان کے لیے بھی دوٹوک پیغام دیا کہ کسی بھی اسلامی ملک میں ریاست کے بغیر کوئی جہاد یا فتویٰ جاری نہیں کر سکتا۔ انہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران اللہ تعالیٰ کی مدد کو بھی محسوس کرنے کا ذکر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو اسلامی دنیا میں محافظینِ حرمین کا شرف عطا کیا ہے، اور ریاستِ طیبہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط ربط اور مماثلت موجود ہے۔
فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کی علمی و فکری میراث کو نظرانداز کر دیتی ہیں، وہ زوال اور مشکلات کا شکار ہو جاتی ہیں۔












