وزیراعظم کا واضح اعلان، مذاکرات اصولوں پر ہوں گے، دباؤ پر نہیں

[post-views]
[post-views]

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریکِ انصاف کو ایک مرتبہ پھر بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات صرف سنجیدہ اور جائز نکات پر ہی ممکن ہوں گے، دباؤ ڈالنے یا بلیک میلنگ کی کسی حکمتِ عملی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پی ٹی آئی کی قیادت کو مذاکرات کی دعوت دی جا چکی ہے، کیونکہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوش حالی کے لیے سیاسی قوتوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

وزیرِ اعظم نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کو ایک غیر معمولی اور تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی مالی لین دین ہے، جس میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قومی ایئر لائن کی نجکاری کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہو رہا ہے۔

انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز درحقیقت پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام جماعتوں سے اصولی بنیادوں پر مذاکرات کے مؤقف پر قائم ہے، اور وہ ذاتی طور پر بھی متعدد بار سیاسی قیادت کو بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ مذاکرات کی آڑ میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

آخر میں وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ایئر لائن کی نجکاری کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، اور انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے عالمی چیمپئن بننے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos