اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت مذاکرات کو کسی سنجیدہ سیاسی عمل کے بجائے دوغلے پن اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کی شرط دراصل حکمرانوں کی سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کی عکاس ہے۔ حکومت کو پیشگی شرائط کے ساتھ بات چیت کا مطالبہ کرنے کا کوئی اخلاقی یا سیاسی جواز حاصل نہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ حکومت کا مجموعی طرزِ عمل اس کی سیاسی کمزوری اور فکری ناپختگی کو ظاہر کرتا ہے، اسی وجہ سے پی ٹی آئی کسی بھی حکومتی مذاکراتی عمل میں شامل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہمیشہ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہوتے ہیں، لیکن جب وزیراعظم کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار ہی موجود نہ ہو تو ایسی پیشکش بے معنی ہو جاتی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت سے بات چیت کا حصہ نہیں بنے گی۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم کی پیشکش کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس آج اپنا جواب دیں گے۔













