سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو کراچی کے جناح گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ دورے کے موقع پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی سندھ میں سیاسی سرگرمیاں بھی کر سکتے ہیں اور جلسہ کرنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہے، کیونکہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کی پرامن سیاسی جدوجہد کو روکا نہیں جا سکتا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سندھ کے دورے کے دوران سیاسی سرگرمیوں کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی موقع پر قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے، لیکن جلسوں پر کوئی قدغن عائد نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی نے کورنگی اور ضلع جنوبی میں بھی جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی ہے، جبکہ باغ جناح میں جلسے کی اجازت بھی مانگی گئی ہے جو قانون کے مطابق دی جا رہی ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی میں جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی قیادت سے مسلسل رابطہ ہے اور تمام امور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے طے کیے جا رہے ہیں، اس لیے جلسے کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔











