آئین کی بالادستی کے بغیر ملک بحران سے نہیں نکل سکتا، محمود خان اچکزئی

[post-views]
[post-views]

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم اتنے سادہ نہیں کہ ہر راز سب کے سامنے رکھ دیں، تاہم ہم یہ واضح وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے مفاد پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

لاہور پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی کے لیے وہ سندھ سمیت ملک کے تمام صوبوں کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حب الوطنی بھی اتنی ہی ہے جتنی کسی اور شہری کی ہو سکتی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اس وقت ملک کو بڑے بحرانوں کا سامنا ہے، لیکن بدقسمتی سے اہل اور باصلاحیت افراد کی تعداد نہایت کم ہے۔ پورے ملک میں شاید دس لوگ بھی ایسے نہیں جو موجودہ بحرانوں کا مؤثر حل پیش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو عوام کو گھروں سے باہر نکلنا ہو گا۔ ہم نہ کسی کو گالیاں دینے آئے ہیں اور نہ ہی کسی کے سامنے منت سماجت کرنے۔ اجتماعی دانش اور شعور کے ذریعے ہی ملک کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ بحران بیرونی نہیں بلکہ اندرونی ہے، اور جعلی طریقوں سے کچھ افراد کو غیر فطری طور پر طاقتور بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چھوٹے صوبے سینیٹ میں ووٹ نہ دیتے تو چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم منظور نہیں ہو سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں آئین کی بحالی اور بنیادی آزادیوں کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، اور نواز شریف بھی اتنے ہی محب وطن ہیں جتنا کوئی اور شخص ہو سکتا ہے۔

تحریک کے رہنما راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پارلیمنٹ کو غیر مؤثر اور عدلیہ کو چھبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے کمزور کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام اپنے حقوق کے لیے خود کھڑے ہو گئے تو حالات انتہائی خراب ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ آئین پر مکمل اور دیانت دارانہ عمل درآمد ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos