چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کا کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پارٹی کے چیئرمین تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اسپیکر آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق تمام مطلوبہ دستاویزات اسپیکر آفس میں جمع کرا دیں۔
اسپیکر آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ ان کے مطابق کاغذات جمع کرا دیے گئے ہیں اور کل تک ان کی جانچ پڑتال اور تصدیق ہو جائے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی میں کسی بھی قسم کی گروپ بندی یا فارورڈ بلاک کا وجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے فیصلے حتمی ہیں اور انہیں نہ کوئی سیاسی فورم اور نہ ہی کوئی اپیکس کمیٹی تبدیل کر سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں اور کاغذات پر اب کوئی قانونی یا تکنیکی مسئلہ باقی نہیں۔ ان کے مطابق کل دستخطوں کی تصدیق مکمل ہو جائے گی جبکہ جمعرات کو باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر کا اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کا اپنا اپوزیشن لیڈر موجود ہوگا۔ ان کے بقول اس عہدے کے لیے کسی اور امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے، اور اسپیکر آفس میں ملاقات کے دوران کسی قسم کے مذاکرات پر بھی بات نہیں ہوئی۔












