پاکستان نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کی جانب سے تاریخ کا بدلہ لینے سے متعلق دیے گئے بیان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کا بغور جائزہ لیا گیا ہے، اور نفرت و تعصب پر مبنی اس نوعیت کے بیانات کسی طور غیر متوقع نہیں ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ماضی کے خیالی یا خود ساختہ مظالم کا حوالہ دے کر انتقام کی سوچ کو فروغ دینا کسی بھی ذمے دار ریاست کے طرزِ عمل سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی معاملات میں سنجیدگی، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے، نہ کہ تاریخ کو مسخ کر کے جذباتی بیانیہ تشکیل دیا جائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس طرح کی اشتعال انگیز بیان بازی دراصل نفرت، عدم برداشت اور تنگ نظری کو ہوا دینے والوں کی سوچ کی عکاس ہوتی ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے بیانات نہ صرف علاقائی کشیدگی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ذمہ دارانہ سفارتی رویے کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔












