چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بعض عناصر سندھ کے حقوق سلب کرنا چاہتے ہیں۔ مٹھی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے تھر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک منظم بیانیے کے تحت تھرپارکر اور سندھ کو نشانہ بنا کر یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا، جبکہ اصل مقصد اختیارات اسلام آباد منتقل کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس پروپیگنڈے کا عملی جواب تھرپارکر کی ترقی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت پورے سندھ میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور تھرپارکر اس کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے تھرپارکر کی ترقی کو سندھ کی مجموعی ترقی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کا کوئلہ مقامی عوام کا قیمتی اثاثہ ہے، جس کے وسیع ذخائر کے باوجود طویل عرصے تک لوگوں کو اپنے وسائل سے فائدہ اٹھانے نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے شروع کردہ منصوبوں نے آج نہ صرف مقامی معیشت کو بہتر بنایا بلکہ ملک کو توانائی بھی فراہم کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کوئلے کے منصوبوں سے تھرپارکر میں سماجی بہتری آئی اور حکومتی سرمایہ کاری سے صحت کے اداروں کا جال بچھایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تھر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی عوام کے مطالبے پر قائم کیا گیا ہے اور حکومت کی مدت کے دوران اسے مکمل یونیورسٹی بنایا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ 2008 کے بعد سندھ میں جامعات کی تعداد دوگنی ہو چکی ہے اور گلگت بلتستان سے طلبہ کا یہاں آنا اس ادارے کی قومی اہمیت کا ثبوت ہے۔












