پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی

[post-views]
[post-views]

اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے کسی بھی پارٹی رہنما کی ملاقات نہ ہو سکی، جبکہ ملاقات کی فہرست میں شامل دو رہنما جیل پہنچے ہی نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے ترجمان نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتی بلکہ ملک میں شفاف احتساب اور آئینی عمل کی خواہاں ہے۔

ملاقات کی فہرست میں شامل چھ رہنماؤں میں سے چار، نیاز اللہ نیازی، سینیٹر فلک ناز، انعام اللہ خان یوسفزئی اور صفدر حسین، اڈیالہ جیل آئے، تاہم انہیں عمران خان سے ملنے کی اجازت نہ ملی۔ فہرست میں شامل عمران شوکت اور سعد علی خان جیل نہیں پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو میں نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ گزشتہ چار ہفتوں سے عمران خان سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، جس کے باعث ان کی خیریت کے بارے میں بھی معلومات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود نہ اہل خانہ، نہ وکلا اور نہ ہی پارٹی قیادت کو ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، حتیٰ کہ بشریٰ بی بی سے بھی کسی کی ملاقات نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات سے روکنا قیدی کے قانونی حق اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، جس پر توہینِ عدالت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ نیاز اللہ نیازی کے مطابق پی ٹی آئی کسی ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے شفاف انتخابات اور عوامی فیصلے کا مطالبہ کرتی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos