طاقت کے زور پر آپریشنز ناقابل قبول، امن کے لیے مشاورت ضروری، سہیل آفریدی

[post-views]
[post-views]

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ متعدد بڑے اور ہزاروں چھوٹے آپریشنز کے باوجود امن کی کوئی ضمانت سامنے نہیں آ سکی، جو پالیسی کی واضح ناکامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکام حکمتِ عملی پر سوال اٹھایا جائے تو اسے دہشت گردی کی حمایت قرار دے دیا جاتا ہے۔

وادی تیرہ کے دورے کے دوران متاثرین سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تیرہ کے عوام کے ساتھ ہونے والا سلوک ناقابل قبول ہے اور مسلسل ناکامی کے باوجود فیصلے بدستور بند کمروں میں کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مشاورت کی بات کی جائے تو بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت آغاز سے ہی امن کے لیے آواز بلند کرتی آ رہی ہے اور وہ ماضی، حال اور مستقبل میں ایسی ناکام آپریشنل پالیسیوں کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے آپریشن شروع کر کے عوام کو بے گھر کرنا اور پھر بے یار و مددگار چھوڑ دینا ظلم ہے۔

انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظ، عزت اور بحالی کی ذمہ داری اب براہِ راست حکومت پر ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات، عوام کی تذلیل روکنے، رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے اور نادرا کے اضافی دفاتر قائم کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ پائیدار امن کا واحد راستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بننے والی متفقہ پالیسی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos