عمران خان کے مکمل طبی معائنے کا مطالبہ، قائدِ حزبِ اختلاف کا وزیرِ اعظم کو خط

[post-views]
[post-views]

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا مکمل اور تفصیلی طبی معائنہ ان کے ذاتی معالجین سے کروایا جائے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت کا معاملہ بنیادی انسانی حقوق سے براہِ راست جڑا ہوا ہے، اس لیے ان کا طبی معائنہ شوکت خانم اور شفا اسپتال سے وابستہ ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے کرایا جانا چاہیے۔

قائدِ حزبِ اختلاف نے خط میں عمران خان کے ذاتی ڈاکٹروں کے نام بھی تجویز کیے ہیں، جن میں ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر مظہر اسحاق اور ڈاکٹر عامر اعوان شامل ہیں۔

دریں اثنا راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ عمران خان کی بینائی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور زور دیا ہے کہ انہیں اپنی مرضی کے معالج سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ اطلاعات کے مطابق عمران خان میں آنکھوں کی ایک سنگین بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے باعث بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بیماری عموماً عمر رسیدہ افراد میں پائی جاتی ہے اور اس کا تعلق دل اور خون کی نالیوں سے متعلق خطراتی عوامل، جیسے بلند فشارِ خون، خون میں چکنائی کی زیادتی، ذیابیطس اور قلبی امراض سے ہوتا ہے۔

ماہرینِ چشم کے مطابق یہ عارضہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب آنکھ کے پردے سے خون واپس لے جانے والی مرکزی رگ بند ہو جاتی ہے، جو زیادہ تر خون کے لوتھڑے بننے کے باعث ہوتی ہے، اور اس کے نتیجے میں بینائی کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos