وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے معاملے پر پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، مگر پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بانیٔ پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق کام کر رہی ہے اور ماضی کے بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ غلط پالیسیوں کے باعث امن متاثر ہوا، تاہم حکومت دہشت گردی کے خلاف ڈٹی ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے خیبر پختون خوا پولیس کی 22 سالہ قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بے توقیری کی گئی، مگر حکومت خلوصِ نیت سے اس ادارے کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عدالت کی ہدایت آئی تو 9 مئی کے مقدمات میں قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان میں نئی بھرتیاں بھی ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی دباؤ میں نہیں آ رہی اور اسے سیاست سے دور رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سیف سٹی پشاور منصوبہ جلد شروع ہو گا اور ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی منصوبے نافذ کیے جائیں گے۔









