وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں ان کے والد کی بیماری کا مذاق اڑایا اور والدہ کے کینسر کو بھی ڈرامہ قرار دیا۔
گجرات میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، مگر آج عمران خان خود جیل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلفاً کہتی ہیں کہ عمران خان کو جیل میں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ اقتدار کا حساب صرف عوام کے سامنے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے حضور بھی دینا ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ کی وفات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں جیل میں اس افسوسناک خبر کا علم ہوا، جبکہ ان کے والد نے آ کر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ انہوں نے، نہ نواز شریف اور نہ شہباز شریف نے کبھی یہ سوچا کہ کسی سے بنیادی سہولتیں واپس لی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتساب بیورو کے پاس خواتین کی جیل نہ ہونے کے باعث انہیں ایک خالی کمرے میں رکھا گیا، مگر انہوں نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ عمران خان کو سہولتیں نہ دی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری کسی کی بھی ہو، ہم اس کے لیے صحت اور شفا کی دعا کرتے ہیں، اور عمران خان کو بھی وہی علاج فراہم کیا جا رہا ہے جس کی انہیں ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بھی اب کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں اور تقابل کر رہے ہیں کہ پنجاب کس سمت جا رہا ہے اور وہ کہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ، الزام تراشی، انتشار، جلاؤ گھیراؤ اور گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کریں اور ملک کے مفاد کو مقدم رکھیں۔








