وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات کے دوران بجلی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیرِ پاور اویس لغاری نے اس حوالے سے کے-الیکٹرک اور ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ سحر و افطار کے وقت لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
پاور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرِ پاور نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے پر زور دیتے ہوئے تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو ہدایت کی ہے کہ مؤثر نگرانی کے لیے کنٹرول رومز قائم کیے جائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جہاں لائن لاسز زیادہ ہیں وہاں بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے تحت کارروائی کی جائے گی تاکہ نقصانات اور بقایاجات میں مزید اضافہ نہ ہو۔ تاہم زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
حکومت نے یہ بھی طے کیا ہے کہ رمضان کے دوران ایسے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول سحر اور افطار کے اوقات سے ہٹ کر ترتیب دیا جائے گا۔ مزید برآں، تمام تقسیم کار کمپنیوں کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ہے۔







