فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بتایا ہے کہ کمپیوٹر سسٹم میں فنی خرابی کے نتیجے میں امریکا بھر میں پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ایف اے اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم فیل ہونے کی وجہ سے امریکا بھر میں فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، البتہ بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ فنی خرابی دور کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے اور جلد پروازوں کا سلسلہ بحال ہوجائے گا۔
نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم پائلٹوں کو مختلف خطرات سے آگاہ کرتا ہے اور مختلف تکنیکی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ اس سسٹم میں خرابی کیوں ہوئی اور اس کی شدت کیا ہے۔
دوسری جانب نوٹس ٹو ائیر مشنز سسٹم میں فنی خرابی سے امریکی صدر جو بائیڈن کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے ایف اے اے کے حکام کو کمپیوٹر میں فنی خرابی کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
ایف اے اے کی جانب سے مسئلے کو فوری حل کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے تاکہ فضائی ٹریفک بحال ہوسکے۔
امریکی ایوی ایشن کےکمپیوٹرسسٹم میں خرابی سےساڑھے 3 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں جبکہ ڈھائی سو سے زیادہ کو منسوخ کیا گیا ہے۔
اسی طرح فضا میں موجود کئی طیاروں کوبحفاظت اتارنےکاعمل جاری ہے۔
اس سے قبل دسمبر میں بھی جان لیوا برفانی طوفان کے نتیجے میں بھی امریکا بھر میں ہزاروں پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔