لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق گورنرپنجاب کے خط کا جواب دے دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر پنجاب کے نام خط میں کہا کہ اسمبلی ٹوٹنےکے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان ضروری ہے جو آپ نے ابھی تک نہیں کیا ، ایسا نہ کرکے آپ آئین سے انحراف کررہے ہیں، آپ جلد سے جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں تاکہ آئینی بحران پیدا نہ ہو۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے حوالے سے آپ کے خط سے اتفاق نہیں کرتا، آئینی طورپر اسمبلی کی تحلیل کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان ضروری ہے جو آپ نےابھی تک نہیں کیا۔
اسپیکر کے خط میں کہا گیا ہے کہ آپ ایسا نہ کرکے آئین سے انحراف کررہے ہیں، آئین کی شق 105 سے واضح ہےکہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرناگورنرکی ذمہ داری ہے ، اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات کا انعقاد لازم ہے۔