پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوران ہونے والی نمائشی ویمنز لیگ ایمازونز نے 1-2 سے جیت لی، آخری میچ میں ایمازونز نے سپر ویمن کو 33 رنز سے ہرادیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ویمن لیگ کے تیسرے نمائشی میچ میں ایمازون کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 218 رنز بنائے۔
ایمازون کی کپتان بسمہ معروف نے 51 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
ٹیم کے بڑے ٹوٹل میں تجربہ کار بلے باز ڈینی ویاٹ نے 43 اور ٹیمی بیمونٹ نے 39 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
یہ بھی پڑھیں: https://republicpolicy.com/psl-8-pehla-match-sansni-khaiz-lahore-qalandars-ny-multan/
سپر ویمن کی ایمن انور نے دو جبکہ چماری اتھاپتو، ندا ڈار، ام ہانی، طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
دیے گئے ہدف کے تعاقب میں سپر ویمن مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔
سپر ویمن کی سری لنکن بیٹر چماری اتھاپتو نے 60 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تاہم یہ ان کی یہ اننگ بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکی۔
ایمازونز کی فاطمہ ثنا نے تین اور ڈینی ویاٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں سپر ویمن نے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ دوسرے میچ میں ایمازونز نے کامیابی سمیٹ کر سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا۔









