ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے مصر کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان کی عمر میں تضاد کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
پاکستان کے حمزہ خان نے 23 جون کو مصر کے محمد زکریا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2023 جیت لی تھی۔
آسٹریلیا میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے دوران حمزہ نے زکریا کو 3-1 سے شکست دی۔
تاہم، مصری اسکواش فیڈریشن نے 27 جولائی کو الزام لگایا کہ حمزہ خان کی پاسپورٹ پر موجود عمر اصل عمر سے مختلف ہے اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی۔
اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے کہاکہ مصری اسکواش فیڈریشن کی درخواست کے بعد، ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے میڈیکل کمیشن اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سمیت ماہرین کے ساتھ وسیع مشاورت شروع کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
اس مشاورت سے اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ 2023 کے ڈبلیو ایس ایف ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن پاکستان کے حمزہ خان کی عمر ان کے سرکاری پاسپورٹ پر درج عمر سے مختلف ہے۔
ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے بیان میں کہا ہے کہ کوئی طبی طور پر تسلیم شدہ طریقہ کار نہیں ہے جو کسی فرد کی عمر کو غلطی کے نمایاں مارجن کے بغیر ناپ سکے۔
اس میں مزید بتایا گیا کہ حمزہ خان نے کئی سالوں تک سرکاری بین الاقوامی جونیئر مقابلوں میں حصہ لیا اور ہر موقع پر ایک ہی تاریخ پیدائش کا اندراج کروایا۔
ڈبلیو ایس ایف نے مزید کہا کہ مصری اسکواش فیڈریشن اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کو تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کردیا گیا تھا اور اب اس معاملے کو بند کرنے پر غور کیا گیا ہے۔









