کوئٹہ: جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ بلوچستان کے شہر مستونگ میں سڑک کنارے ہونے والے دھماکے میں زخمی ہو گئے تھے، اُنہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
حافظ حمد اللہ کا مستونگ کے ہسپتال میں ابتدائی علاج کیا گیا بعد ازاں انہیں پارٹی رہنماؤں، سکیورٹی گارڈز اور دیگر زخمیوں سمیت سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا تھا۔
حافظ حمد اللہ کو سر اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔ پارٹی قیادت نے سول ہسپتال کے ڈاکٹروں سے مشورےکے بعد انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے سفارش کی کہ سر میں چوٹ کے باعث حافظ حمد اللہ کو کراچی منتقل کیا جائے۔ اس کے بعد انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے آغا خان ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
دریں اثناء محکمہ انسداد دہشت گردی نے بم حملے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لی ہے۔
حکام نے بتایا کہ جمعرات کو حمد اللہ کی گاڑی کے قریب دھماکا اس وقت ہوا جب وہ مستونگ کے نواح میں واقع علاقے کلی چھوٹو پہنچے۔ دھماکے سے ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
دریں اثناء مستونگ بم حملے کے خلاف کوئٹہ شہر اور گردونواح میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
ہڑتال کی کال جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے دی تھی۔جناح روڈ، لیاقت بازار، اقبال روڈ، پرنس روڈ، عبدالستار روڈ، مشن روڈ اور دیگر علاقوں میں تمام دکانیں، مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز بند رہے۔









