پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن اسمبلی علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔
علی امین گنڈا پور نے 90 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف مسلم لیگ ن کے امیدوار عباد اللہ خان نے 16 ووٹ حاصل کیے۔ انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوا۔
وہ خیبرپختونخوا کے 22ویں منتخب وزیر اعلیٰ ہیں۔
وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئےعلی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی کے بانی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے سابق وزیراعظم کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کردیا۔
اپنے خطاب کے آغاز میں گنڈا پور نے اللہ سے رہنمائی مانگی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی کا ان پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ’’میں پی ٹی آئی کے بانی کے اعتماد پر پورا اترنے کا وعدہ کرتا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے حقوق حاصل کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی نظام کو بدلنا چاہتی ہے جس سے ہر ایک کے لیے انصاف یقینی ہو گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا۔ انہوں نے کہا، چیف الیکشن کمشنر آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام رہے۔ انہیں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر استعفا دے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ۔
کے پی کے منتخب وزیر اعلیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ 9 مئی کے تشدد کی عدالتی تحقیقات کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ میں 17 سال سے پی ٹی آئی کا ورکر ہوں۔ لیکن، آج میں آزاد حیثیت سے وزیر اعلیٰ بن گیا ہوں۔ یہ میرے لیے تکلیف دہ ہے ۔
پی ٹی آئی کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اُس کی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں کہیں بھی کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اس طرح کے سلوک کی نظیر نہیں ملتی۔’’ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی کااوپن، منصفانہ اور شفاف ٹرائل ہونا چاہیے اور انہیں فوری رہا کیا جائے۔ ہماری خواتین کارکن اب بھی جیل میں ہیں۔ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے۔ ہم قطعی طور پر انتقام نہیں لینا چاہتے‘‘۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے پاکستان کی بات کی۔ اس نے درست کہا جب اس نے کہا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں۔ حقیقی آزادی ہماری ضرورت تھی، ہے اور رہے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.