اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے۔
عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو پی ٹی آئی بانی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی بانی کے وکلا کی جانب سے سابق وزیراعظم کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔
اس سے قبل اسی عدالت نے پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدیں کیس میں 6 مقدمات کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی بانی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہ کیا جاسکا ۔
توہین عدالت کے نوٹس پر اڈیالہ جیل حکام نے تحریری جواب اور تکنیکی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
جیل حکام کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیل میں سرور ڈاﺅن ہے جس کے باعث پی ٹی آئی بانی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری ممکن نہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری سے متعلق معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
عدالتی حکم کے باوجود ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی طور پر پیش نہ ہوئے، عدالت نے پی ٹی آئی کی بانی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.