وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں روٹی کی نئی قیمت لاگو کرائیں گے اور اگر وہ ایسا نہ کر سکے تو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کا ایک اور ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم مزید کسی تجربے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ پی ڈی ایم -1کا نتیجہ سب کے سامنے تھا۔ ملک کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا سوچو۔نگران حکومت نے ملک کے ساتھ کیا کیا سب جانتے ہیں اور طاقتوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکمت اور سمجھداری پر مبنی پالیسیاں اختیار کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لندن پلان سمیت مزید تجربات نہ کریں۔ لوگ مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں، ان کے بارے میں سوچیں۔
کے پی کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں بھی ہیلتھ کارڈ متعارف کرایا لیکن آپ نے اس منصوبے کو ختم کر دیا، ہم نے روٹی کی قیمتیں کم کر دی ہیں اور میں اس پر عمل درآمد کراؤں گا، اگر میں ایسا نہ کر سکا تو وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ دوں گا۔
گنڈا پور نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی ٹک ٹاک پر دیکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ڈیل ہوئی تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور تشدد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ گنڈا پور اور دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.













