لاہور: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل اپنے ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، گجرات پولیس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وہ پی پی 32 سے ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کے حامیوں اور اہل خانہ کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
پرویزالٰہی نے درخواست میں کہا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میرے وکلاء کو بھی ہراساں کیا گیا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ریٹرننگ افسر اور پولیس میرے مخالف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی بھی حلقے میں خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین پر اپنے مخالف کی انتخابی مہم چلانے کا الزام بھی لگایا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ حکام کو ہدایت کی جائے کہ وہ میرے ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں نہ کریں۔
پرویز الٰہی نے لاہور ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کے دوران پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 اور 46 فراہم کرنے کی ہدایت کریں۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.













