راولپنڈی: کرم کے علاقے سدامیں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہو گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون ولیم نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور جام شہادت نوش کیا۔
فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنگ آپریشن جاری ہے اور اس دہشت گردانہ فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع کرم میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & press Bell Icon.













