وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس کی باضابطہ منظوری بھی دے دی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب، آزاد کشمیر، کے پی اور گلگت بلتستان میں تباہی مچائی ہے، ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب ہیں اور سندھ میں بھی پانی داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ وفاق اور صوبے مل کر ایک جامع پالیسی مرتب کریں گے، اس مقصد کے لیے وزرا، سیکریٹریز اور صوبائی حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے حالیہ چین کے کامیاب دورے اور امریکا کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بنائے جائیں گے۔
قطر میں اسرائیلی حملے پر وزیراعظم نے شدید مذمت کی اور امیرِ قطر سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے فلسطین میں جاری مظالم کو تاریخ کی بدترین بربریت قرار دیا۔