ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ دشمن کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور آئندہ یہ شکست مزید بھاری ہو گی۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دینا پاک فضائیہ اکیڈمی اصغر خان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر اس دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستانی قوم اور افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، آج بھی ہم ہر محاذ پر تیار ہیں۔
ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے دفاعِ وطن کو یقینی بنایا ہے، اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ فضائیہ جنگ کے ساتھ ساتھ امن کے وقت میں بھی نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “بنیان المرصوص” نے یومِ دفاع کی یاد کو تازہ کیا ہے، اور میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی فضائی حدود کا تحفظ پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے پاک فضائیہ کو دنیا میں ایک منفرد مقام دیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ نے ہمیشہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کا عزم نبھایا ہے۔
خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ دفاع و شہداء قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں ہونے والی لڑائی میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی غرور کو پاش پاش کر دیا، رافیل طیاروں سمیت کئی جنگی جہاز تباہ کیے اور مختلف ایئر فیلڈز کو بھی نشانہ بنایا۔