بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علمہ خان اور عظمیٰ خان کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ عدم پیشی پر علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
بانی پی ٹی آئی کے بہنوں علمہ خان اور عظمیٰ خان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پراسی کیوٹر نے کہا کہ ملزمان کا برآمدگی کے لیے ریمانڈ نہیں لیا جاتا ہے۔ یہ ٹیکنیکل تفتیش ہے اس وجہ سے ہمیں ریمانڈ چاہیے۔
اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کی وکیل عائشہ خالد روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ عدنان خان اسد قیصر کے بھائی ہیں اور یو کے نیشنل ہیں۔ گزشتہ روز بتایا گیا کہ عدنان خان کو 5 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ عدنان خان کو 4 اکتوبر کو ہی گرفتار کیا گیا تھا۔
عائشہ خالد نے ویڈیو ثبوت عدالت میں پیش کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علمہ خان روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ گرفتاری کے بعد ہمیں 10 گھنٹے ایک تھانے کے آفس میں بٹھایا گیا۔ اس کے بعد پولیس لائن لے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ گرفتار 80، 80 سال کی 2 خواتین بھی تھیں جو رات کو بیمار ہو گئیں۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد قیصر کے بھائی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعد ازاں سنا دیا گیا۔