پاک فوج تیار، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری ردعمل ہوگا

[post-views]
[post-views]

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ اگر بھارت کسی “نئے معمول”کی بات کرے گا تو پاکستان اس کا جواب ایک نئے اور مؤثر عسکری ردعمل سے دے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج نے دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کو دہرایا۔ اجلاس میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

فورم نے دہشت گردی کے خاتمے، ابھرتے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور واضح کیا کہ پاک فوج ہر جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ شرکا نے بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ جنگی جنون بھارت کی پرانی روش ہے۔

اجلاس نے فیصلہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف جامع کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پاکستان و سعودی عرب کے تاریخی دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، دو ریاستی حل اور 1967ء کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر پاکستان کے مؤقف کو دہرایا۔

فیلڈ مارشل نے کمانڈرز کو ہدایت دی کہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط اور تیز ردعمل کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں، اور یقین ظاہر کیا کہ پاک فوج ہر روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos