ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے پُرعزم اور ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
ایبٹ آباد میں اساتذہ اور طلباء سے ملاقات کے دوران انہوں نے پاک افغان سرحدی کشیدگی اور موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف پاکستان کے کامیاب اور مربوط اقدامات پر روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بعض عناصر دانستہ طور پر یہ تاثر پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوان پاکستان سے لاتعلق ہیں، مگر حقیقت اس کے برعکس ہے — بلوچستان کے عوام وطن سے محبت کرنے والے اور ملکی ترقی میں برابر کے شریک ہیں۔
تقریب میں اساتذہ اور طلباء نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا کہ وطن سے محبت اور قربانی کی اعلیٰ مثال پاک فوج ہے، جو قوم کے جذبے اور استقامت کی علامت ہے۔
اساتذہ نے اس امر پر تشویش ظاہر کی کہ دشمن قوتیں نوجوانوں کے ذہنوں کو گمراہ کرنے کے لیے مسلسل منفی پراپیگنڈا کر رہی ہیں۔ طلباء نے کہا کہ آج کی نشست سے ہمیں حقائق پر مبنی معلومات حاصل ہوئیں، جن سے پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سمجھنے میں مدد ملی۔
 
								 
								










 

