عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں آئینی ترامیم لانا ملک کی بدقسمتی ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کو فی الفور اپنا ٹائم پورا کر کے رخصت ہو جانا چاہیے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مری پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام و انتشار کا شکار ہے۔ ملک کو آئین کے مطابق چلانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی ترمیم ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ بے خبر ہے۔ رات کی تاریکی میں آئین پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسی کو فی الفور اپنا ٹائم پورا کر کے رخصت ہو جانا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن چوری ہوا۔ لیکن کسی نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ عوام کے مینڈیٹ کو بھی چوری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو چھوڑ دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کرپشن ختم کرنے آئے تھے لیکن آج کرپشن دس گنا بڑھ چکی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی حمایت حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ملک کی ترقی کا راستہ انتشار اور آئینی ترامیم سے ممکن نہیں ہے۔ موجودہ پارٹیاں کئی بار اقتدار میں رہیں لیکن کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کسی بے گناہ کو جیل میں رکھنے سے کیا ملک کے حالات بہتر ہوجائیں گے؟