وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو طاقت اسی وقت ملتی ہے جب حکومتیں عوام کے واضح فیصلے سے وجود میں آئیں، خفیہ بندوبست سے نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تیسری مرتبہ تحریک انصاف کو منتخب کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اسی سیاسی راستے پر اعتماد رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حکومتیں عوامی تائید کے بغیر قائم ہیں، انہیں اقتدار پر بیٹھنے کے بجائے عوامی فیصلے کا احترام سیکھنا چاہیے، کیونکہ غیر فطری اقتدار جمہوری نظام کو کمزور کرتا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ مسلسل امتیازی رویہ اپنایا گیا ہے، جس نے صوبے کے احساسِ محرومی کو بڑھایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی حکمت عملی، چاہے وہ بات چیت ہو یا مزاحمت، اس کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے پاس ہے، اور حتمی سمت وہی طے کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق انہیں عوامی تحریک کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے، جو جلد ایک مؤثر مرحلے میں داخل ہوگی، کیونکہ ان کی سیاست کا مقصد محض اقتدار نہیں بلکہ حقیقی آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی ایک صوبے تک محدود نہیں، ہر شہری کو ملک کے کسی بھی حصے میں آنے جانے اور روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا برابر حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا نے شناختی کارڈ کی بنیاد پر یونیورسل ہیلتھ کی سہولت دی ہے، اور اگر کے پی کے کے شہریوں کو سندھ میں علاج کے دوران مسائل پیش آئے تو وہ ان معاملات کو براہِ راست حل کرنے کی کوشش کریں گے، حتیٰ کہ انہیں وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے بھی اٹھایا جائے گا۔











