بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک المناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں پاک فوج کے پانچ جوان مادرِ وطن پر قربان ہو کر شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ “فتنہ الہند” کے خلاف کیا جا رہا تھا۔ کارروائی کے دوران بھرپور جوابی اقدام میں پانچ دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا، جو بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔
شہداء میں کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللّٰہ، لانس نائیک جنید احمد، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ یہ تمام جوان اپنی بہادری اور فرض شناسی کے ساتھ وطن کے دفاع کی خاطر صفِ اول میں موجود تھے۔ ان کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ریاستی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر قیمت پر امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ بیانیے میں مزید کہا گیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا اور شہداء کی قربانیاں پاکستان میں دیرپا امن کی ضمانت ہیں۔











