لاہور: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کا چار رکنی وفد ایشیا کپ کے میچوں کے مقامات سمیت اہم امور پر بات چیت کے لیے پاکستان پہنچ گیا۔
بی سی سی آئی کے وفد میں صدر راجر بنی، نائب صدر راجیو شکلا، ڈائریکٹر یودھویر سنگھ اور صدر کے سیکرٹری محمد اکرم شامل ہیں۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے وفد کے ارکان کا مقامی ہوٹل میں استقبال کیا ۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران وفد کے ارکان ایشیا کپ کے میچز دیکھیں گے اور پی سی بی حکام سے کرکٹ سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ذکاء اشرف نے انکشاف کیا کہ ایشیا کپ کے میچز کے مقامات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر بھارت میں دوستانہ حکومت بنتی ہے تو بھارتی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین نے راجیو شکلا اور راجر بنی کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے کہا، مثبت ہے کہ ہمارے کرکٹ کے تعلقات بڑھیں گے جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کا باعث بنے گا۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
اس موقع پر بی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ بھارتی وفد پی سی بی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ ہمارے پاکستان کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور میں 2005 کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کر کے اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ راجر بنی نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں آکر بہت خوش ہیں۔ ہمیں مدعو کرنے کے لیے پاکستان کا شکریہ۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے، یہاں آنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈ میں اچھے تعلقات ہیں۔ راجیو نے مزید کہا، ہم یہاں سے اچھی یادیں لیں گے۔
قبل ازیں ذکاء اشرف نے بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ چونکہ سری لنکا میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔ اس لیے بھارت کو ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کھیلنے پر غور کرنا چاہیے۔ ذکا نے کہا کہ پہلے ہی ٹورنامنٹ کا ایک میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو چکا ہے۔