پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی طیارے گرانے میں استعمال ہونے والے جہاز صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دور میں حاصل کیے گئے تھے۔
گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگی کامیابی پاکستان کی سب سے بڑی کامیابی اور پوری قوم کی مشترکہ فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، جدید دفاعی صلاحیتیں حاصل ہوئیں اور صدر زرداری کے دور میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی، جبکہ سندھ حکومت اب عالمی معیار سے مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 برس بعد بھی شہید بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کے خلاف عوام کی یہ موجودگی ایک واضح پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کو بااختیار بنانے، منصفانہ ٹیکس نظام، اور معاشی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی آئی ہے مگر عوام کو اس کے ثمرات پہنچانا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے مفاہمت ناگزیر ہے۔ 9 مئی جیسے واقعات اور اداروں پر حملے سیاست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت تھا اور آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ دے کر وفاق کو بچایا۔
انہوں نے سندھ میں صحت اور سماجی شعبے کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو معیاری اور مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ آخر میں انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن سے وابستگی اور آئین و پارلیمان کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا۔











