چین نے ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تنازع کے حل کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یہ بات چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہی گئی۔
وزارتِ خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا، “چین موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہوئی ہے۔”
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں امریکی مشن نے اپنے تمام عملے کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ امن اور استحکام کو ترجیح دیں، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں، اور مسائل کو سیاسی و سفارتی طریقے سے حل کرنے کی راہ پر واپس آئیں۔ ساتھ ہی خبردار کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو مزید کشیدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔
وزارت نے مزید کہا کہ چین اس معاملے پر تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔